الیکشن کمیشن میں ایک اور نئی سیاسی جماعت رجسٹر

الیکشن کمیشن میں ایک اور نئی سیاسی جماعت رجسٹر

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک نئی سیاسی جماعت ’قرآن و سنت تحریک پاکستان‘ کو باضابطہ طور پر رجسٹر کر لیا ہے، جس سے ملکی سیاسی منظرنامے میں ایک اور جماعت کا اضافہ ہو گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق نئی رجسٹر ہونے والی جماعت کے چیئرمین ابتسام الٰہی زہیر ہیں۔ کمیشن نے جماعت کے انٹرا پارٹی انتخابات کو بھی تسلیم کر لیا ہے، جو الیکشن ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کے لیے ایک اہم قانونی شرط ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مذہبی و سیاسی جماعت کا احتجاج، پولیس افسران اور اہلکاروں پر بیہمانہ تشدد 

میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جماعت کی رجسٹریشن کا عمل تمام لازمی تقاضے پورے ہونے کے بعد مکمل کیا گیا، جن میں پارٹی آئین، تنظیمی ڈھانچے اور اندرونی انتخابات کی تفصیلات شامل تھیں۔ اس منظوری کے بعد ’قرآن و سنت تحریک پاکستان‘ اب قانون کے مطابق انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اہل ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے حالیہ مہینوں میں نئی سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ ستمبر میں بھی دو نئی سیاسی جماعتوں کو باضابطہ طور پر رجسٹر کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:مذہبی جماعت کے دفتر سے برآمد ہونے سامان کی تفصیلات پولیس اور دیگر اداروں نے جاری کردیں۔

اس وقت جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ’آزاد عوام پاکستان پارٹی‘ اور ’تجدید نظام پارٹی‘ کو رجسٹرڈ قرار دیا گیا تھا۔ آزاد عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ محمد علی جبکہ تجدید نظام پارٹی کے چیئرمین خالد زمان ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق نئی سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن سے سیاسی عمل میں وسعت آتی ہے اور عوام کو مزید انتخابی متبادل میسر آتے ہیں، تاہم تمام رجسٹرڈ جماعتیں آئینی اور قانونی تقاضوں کی پابند ہوں گی۔

Related Articles