پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا عالمی سفر لندن میں غیر معمولی پذیرائی کے بعد اب امریکہ کے شہر نیویارک پہنچ گیا ہے، پی ایس ایل کا روڈ شو آج نیویارک میں منعقد ہوگا، جس میں چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی خصوصی شرکت کے لیے نیویارک پہنچ چکے ہیں۔
اس موقع پر امریکی اور اوورسیز پاکستانی سرمایہ کار، کرکٹ کے شائقین اور مقامی کمیونٹی کے لوگ شرکت کریں گے، جو لیگ کے بین الاقوامی اثر و رسوخ کو مزید بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ پی ایس ایل آج بین الاقوامی سطح پر روشن چراغ کی مانند جگمگا ر ہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لندن میں حاصل ہونے والی کامیابی کےبعدنیویارک روڈ شو بھی کامیاب رہے گا اور بین الاقوامی تماشائیوں میں کرکٹ کے فروغ کا سبب بنے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام نہ صرف پی ایس ایل کے برانڈ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے اہم ہے بلکہ پاکستانی کرکٹ کے مثبت پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے،نیویارک روڈ شو مقامی وقت کے مطابق آج سہ پہرچار بجے شروع ہوگا اس موقع پر مقامی شائقین کے لیے مختلف سرگرمیاں، فین مومینٹ، اور پی ایس ایل ٹیموں کے حوالے سے معلوماتی سیشنز بھی رکھے گئے ہیں تاکہ لیگ کے عالمی شائقین براہ راست کھیل اور ٹیموں کے بارے میں تفصیلات حاصل کر سکیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ روڈ شو پی ایس ایل کو بین الاقوامی سطح پر مستحکم کرنے اور شائقین کے اعتماد کو مزید بڑھانے کی کوشش ہے پی ایس ایل کا یہ عالمی دورہ یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ پاکستانی کرکٹ نہ صرف ملک میں بلکہ دنیا بھر میں اپنی پہچان قائم کر چکی ہے۔لندن اور نیویارک کے کامیاب ایونٹس کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ لیگ کی بین الاقوامی شہرت میں مزید اضافہ ہوگا اور نئے سرمایہ کاروں اور شائقین کو پاکستان کرکٹ کے ساتھ جوڑنے میں مدد ملے گی۔