ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے حکومت نے بجلی کے اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق اس اقدام کے نتیجے میں اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد تک کمی ممکن ہوئی ہے، جس سے قومی سطح پر تقریباً 150 ارب روپے کی خطیر بچت متوقع ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ تھری فیز اسمارٹ میٹر کی قیمت جو پہلے تقریباً 45 ہزار روپے تھی اب کم ہو کر 25 ہزار روپے تک آ گئی ہے، جبکہ سنگل فیز میٹر کی قیمت میں بھی اوسطاً 7 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے۔ان اقدامات کا براہِ راست فائدہ عام بجلی صارفین کو پہنچے گا، خاص طور پر وہ صارفین جو نئے کنکشن کے لیے ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں بھاری رقوم ادا کرنے پر مجبور ہوتے تھے۔
اویس لغاری کے مطابق اس پیش رفت کے پیچھے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے قواعد و ضوابط میں کی جانے والی مثبت اصلاحات کا بڑا کردار ہے، ان تبدیلیوں کی بدولت بین الاقوامی کمپنیوں کو پاکستانی مارکیٹ میں داخلے کے بہتر مواقع ملے جس سے مسابقتی ماحول پیدا ہوا اور قیمتوں میں کمی ممکن ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں غیر ضروری رکاوٹوں کے باعث محدود کمپنیوں کو فائدہ پہنچتا تھا تاہم اب شفافیت اور مسابقت کو یقینی بنایا گیا ہے،وفاقی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ اسمارٹ میٹرز صرف بجلی کی درست ریڈنگ کو یقینی بنائیں گے ۔
سمارٹ میٹرزبجلی چوری اور غلط بلنگ جیسے مسائل کی بروقت نشاندہی میں بھی مددگار ثابت ہوں گے،اس کے علاوہ صارفین کو پیشگی ادائیگی (پری پیڈ) کی سہولت بھی دستیاب ہوگی جس سے بجلی کے استعمال پر بہتر کنٹرول ممکن ہو سکے گا،ان اقدامات کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔