پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے ایڈیشن 11 کے میچز مظفرآباد میں کرانے کا عزم کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے بورڈ آف گورنرز نے بڑے منصوبوں کی منظوری بھی دے دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 11 کے میچز مظفرآباد اسٹیڈیم میں کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، جس سے ملک میں کرکٹ کے نئے مراکز کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔
منگل کو میڈیا پر سامنے آنے والے بیان کے مطابق پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں اہم ترقیاتی فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیرِ نو کے دوسرے مرحلے کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔
بورڈ آف گورنرز نے لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ کو اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ اجلاس میں ایل سی سی اے گراؤنڈ کی بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے دوران بورڈ کے ارکان نے لندن اور نیویارک میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی پر چیئرمین محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو سراہا اور اسے لیگ کے عالمی فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیا۔
بورڈ نے سری لنکن ٹیم کے حالیہ دورۂ پاکستان کو جاری رکھنے میں چیئرمین کی ذاتی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ بورڈ آف گورنرز نے چیئرمین کے اعزاز میں ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے دورے کے کامیاب انعقاد کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے، نہ کہ کسی ایک فرد کو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی پی سی بی اور پوری پی ایس ایل ٹیم کی مشترکہ کامیابی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ مظفرآباد اسٹیڈیم میں مستقبل میں بین الاقوامی میچز بھی کرائے جائیں گے۔