نادرا پنجاب کے محکمہ صحت اور محکمہ بلدیات کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے جس سے شہریوں کو پیدائش اور اموات کے اندراج میں زبردست سہولت میسر آئے گی،اس معاہدے کے تحت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں اور فوت ہونے والے افراد کا ریکارڈ نادرا میں آن لائن اور درست ڈیجیٹل طریقے سے درج کیا جا سکے گا۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق اس معاہدے کا مقصد ہسپتالوںاور دیگر محکموں کے درمیان ڈیجیٹل روابط کو مزید مضبوط بنانا اور معلومات کی بروقت، درست اور شفاف دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔
اس سے نہ صرف ڈیٹا کی درستگی میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو سرکاری خدمات حاصل کرنے میں بھی آسانی ہو گی،صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے معاہدے کی تقریب میں شرکت کی اور اس اہم اقدام پر تمام متعلقہ محکموں کی کوششوں کو سراہا۔
وزیر نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف صحت کے شعبے کی منصوبہ بندی اور نظم و نسق میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ عوامی خدمات کی فراہمی میں بھی بہتری لائے گا۔
نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر،رضوان علی نے معاہدے کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ڈیٹا کی وصولی، تصدیق اور بلدیاتی محکمے کے ساتھ معلومات کی ترسیل کے جدید طریقہ کار کو نافذ کیا جائے گا۔
اس عمل سے ڈیجیٹل ریکارڈ کی سیکورٹی اور شفافیت بھی یقینی بنائی جائے گی،یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل سرکاری خدمات کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے شہریوں کو مختلف محکموں کے بیوروکریٹک عمل سے گزرنے کی ضرورت کم ہوگی اور اہم سرکاری ریکارڈ کی تصدیق اور دستیابی تیز ہو جائے گی ۔
قبل ایں چند دن قبل نادرا نے ملک بھر کے شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ مقررہ مدت کے اندر لازمی طور پر وصول کریں تاکہ کسی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔