مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث سونا نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 2200 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 455,762 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ، قیمتوں میں یہ اضافہ مقامی اور عالمی مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث 10 گرام سونے کی قیمت میں 1800 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 390,742 روپے مقرر ہو گئی ہے۔
مسلسل اضافے کے باعث خریداروں اور سرمایہ کاروں میں تشویش بھی پائی جا رہی ہے، جبکہ سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھنے والے افراد اس رجحان کو مثبت قرار دے رہے ہیں۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، فی تولہ چاندی کی قیمت 78 روپے بڑھ کر 6900 روپے تک پہنچ گئی ہے، چاندی کی قیمت میں یہ اضافہ بھی عالمی رجحانات اور مقامی طلب میں اضافے کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی برقرار ہے، بین الاقوامی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت میں 22 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد سونا 4334 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، مہنگائی کے خدشات اور سرمایہ کاروں کا محفوظ اثاثوں کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی اور مقامی حالات اسی طرح برقرار رہے تو آنے والے دنوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔