پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی برقرار، ڈالر مزید سستا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی برقرار، ڈالر مزید سستا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی استحکام اور تیزی کا رجحان برقرار رہا جبکہ تبادلہ مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان، پاکستانی روپے کی اڑان، ڈالر مزید سستا ہوگیا

جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ ٹریڈنگ کے آغاز کے ساتھ ہی 100 انڈیکس میں 1245 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 71 ہزار 559 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔ مارکیٹ میں تیزی کا رجحان سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب رہا تھا اور کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار 314 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ ماہرین کے مطابق معاشی اشاریوں میں بہتری، مہنگائی میں کمی اور آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق مثبت توقعات کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، جس کا براہِ راست اثر حصص بازار پر پڑ رہا ہے۔

مزید پڑھیں:بینکنگ شیئرز میں دلچسپی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

دوسری جانب تبادلہ مارکیٹ میں بھی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق 7 پیسے کی کمی کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 280 روپے 20 پیسے ہو گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی کھاتوں میں بہتری، ترسیلاتِ زر میں اضافے اور درآمدی دباؤ میں کمی کے باعث روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے میں آ رہا ہے۔

مزید پڑھیں:مانیٹری پالیسی فیصلے سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 1,000 سے زیادہ پوائنٹس کا زبردست اضافہ

مالی ماہرین کے مطابق اگر موجودہ معاشی رجحانات برقرار رہے تو آنے والے دنوں میں اسٹاک مارکیٹ میں مزید بہتری اور روپے کی قدر میں استحکام کے امکانات موجود ہیں۔

Related Articles