محکمہ موسمیات نےملک بھر کے موسم بارے اہم پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نےملک بھر کے موسم بارے اہم پیشگوئی کردی

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے دوران بعض علاقوں میں بارش اور موسم کی مزید خرابی کا امکان ظاہر کیا ہے۔سرد ہواؤں اور جزوی طور پر ابر آلود موسم کے باعث شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات اور اسلام آباد میں موسم سرد رہے گا اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

شمالی علاقہ جات میں سردی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، جہاں بگروٹ اور سکردو میں درجہ حرارت منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ہیں۔سیاحوں اور مقامی آبادی کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ راولپنڈی، مری، پوٹھوہار ریجن، لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور گجرات میں وقفے وقفے سے بارش  جبکہ شمالی علاقہ جات  ،گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور مری میں برفباری کا امکان موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند، پی ڈی ایم اے نے ایڈوائزری الرٹ جاری کر دیا

بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی آ سکتی ہے اور سردی کی شدت بڑھنے کا خدشہ ہے ، دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں جن میں چاغی، نوشکی، پنجگور، کیچ، گوادر، کوئٹہ، قلات، مستونگ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی اور ژوب شامل ہیں، وہاں بھی بارش متوقع ہے جس سے سردی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ادھر پنجاب کے متعدد شہروں میں دھند اور اسموگ نے تشویش پیدا کر دی ہے، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔اسی طرح گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اسموگ کی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سردی، دھند اور ممکنہ بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں ۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *