مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھارت پر چارج شیٹ جاری کی گئی، بھارتی چہرہ بے نقاب ہو گیا۔
خرم دستگیر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا بھارتی شواہد کسی بھی طرح پہلگام واقعہ کو پاکستان سے نہیں جوڑتے، رپورٹ میں بھارتی جارحیت کو مکمل بلاجواز قراردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا حق ہے کہ وہ بہتر معیار زندگی حاصل کرسکیں، کشمیریوں کو بھی معاشی خود مختاری کا حق ہے، بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق کی خلاف ورزی کی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہندوستان مکمل طور پر بے نقاب ہوا ہے، بھارت نے پاکستان کے خلاف برہنہ جارحیت کی مگر پاکستان کو ہر لحاظ سے سفارتی کامیابی حاصل ہوئی، پاکستان کے بھارت کے خلاف مقدمے کو عالمی سطح پر پذیرائی اورتقویت ملی۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے اپنی تازہ رپورٹ میں بھارت کے آپریشن سندور کو عالمی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے اور زور دیا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے پر نیک نیتی سے عمل کرے۔
رپورٹ میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات پر سخت اعتراضات کیے گئے، پہلگام حملے کی مذمت کی گئی اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دینے کی تاکید کی گئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت نے ثالثی کارروائیوں میں حصہ لینے سے گریز کیا اور سندھ طاس معاہدے کی ذمہ داریوں پر عمل درآمد میں رکاوٹ پیدا کی۔ اقوام متحدہ نے بھارت سے وضاحت ممکنہ تلافی، معذرت، معاہدے پر نیک نیتی سے عمل اور انسانی نقصان روکنے کے لیے اقدامات پر باضابطہ جواب طلب کیا ہے۔