وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ میں واضح طور پر درج ہے کہ بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد شہریوں کے بنیادی حقوق سلب کیے اس رپورٹ کے بعدبھارت کو پاکستان سے معافی مانگنا پڑے گی۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر مضبوط اور ٹھوس مقدمہ لڑا، جس کے نتیجے میں مئی سے لے کر آج تک عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی گواہی دی جا رہی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ پاکستان کی سفارتی اور اخلاقی فتح کا واضح ثمر ہے،انہوں نے کہا کہ یو این رپورٹ بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور ملکی دفاع کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
کشمیر کے معاملے پر بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور اب اسے یو این قراردادوں کی پاسداری کرنا ہوگی،بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جنگ کے دوران اور اس کے بعد بھی بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کی اور پاکستان بھارت کے خلاف عملی طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حقوق کسی صورت سلب نہیں کیے جا سکتے اور خطے میں جارحیت کرنے والا ملک بھارت ہے،انہوں نے مزید واضح کیا کہ گزشتہ چھ ماہ میں پاکستان نے سفارتی سطح پر مسلسل مضبوط موقف اختیار کیا ہے، جس کا اعتراف اب عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں، اور اقوام متحدہ کی رپورٹ اس حقیقت کا بین الاقوامی سطح پر تصدیقی ثبوت ہے۔