مہنگی بجلی،زیادہ ٹیکس،ملک بھرمیں144 ٹیکسٹائل ملز بند

مہنگی بجلی،زیادہ ٹیکس،ملک بھرمیں144 ٹیکسٹائل ملز بند

ملک بھر میں ایک کے بعد ایک ٹیکسٹائل مل بند ہونے کے باوجود حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کےلیے بجلی مزید مہنگی کر دی، ٹیکسوں کی بھرمار، انتہائی مہنگی بجلی اور گیس نے پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ملک بھر کی 144 ٹیکسٹائل ملز بند ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک کی آدھی ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہو گئی، زیادہ ٹیکسز اور مہنگی بجلی اور گیس کے باعث 100 سے زیادہ ٹیکسٹائل ملز بند ہو جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

پاکستان کی صنعتوں کا پہیہ مزید سست ہو گیا ہے، ملک کو سب سے زیادہ بیرونی زرمبادلہ کما کر دینے والے ٹیکسٹائل سیکٹر کے حوالے سے تشویش ناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔

چیئرمین اپٹما کامران ارشد کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ زیادہ ٹیکسز کی وجہ سے 144 سے زیادہ ٹیکسٹائل ملز بند ہوچکیں ہیں، ہماری ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہے، جو چل رہی ہیں سسک سسک کر چل رہی ہیں، کئی ملٹی نیشنل کمپنیز پاکستان چھوڑ کر جارہی ہیں، ٹیکسٹائل ملز کا بند ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

کامران ارشد نے کہا کہ پورے خطے میں سب سے مہنگی بجلی اور گیس پاکستان میں ہے۔ چیئرمین اپٹما کے مطابق ٹیکسٹائل ملز ، اسپننگ یونٹس کی بندش کا سلسلہ جاری ہے ۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فارما انڈسٹری عالمی سطح پر نمایاں، سرمایہ کاری بڑھنے لگی

ٹیکسٹائل ملز کے لیے بجلی اور گیس انتہائی مہنگی ہے، بھاری ٹیکسز کی وجہ سے ٹیکسٹائل ملز بند ہو رہی ہیں، بجلی کی قیمت 30 روپے سے بڑھا کر 35 روپے فی یونٹ کر دی ہے، بجلی کی قیمت 25 روپے فی یونٹ ہوگی تو صنعتیں چلیں گی۔

دوسری جانب پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے برآمدات میں نمایاں کمی اور صنعتوں کی بندش پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں برآمدات 3.83 فیصد کمی کے بعد 7.61 ارب ڈالر رہ گئی ہیں، جبکہ صرف ستمبر کے مہینے میں برآمدات میں 11.71 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کی مالیت 2.51 ارب ڈالر رہی۔

اس طرح کی صورتحال کے باعث گل احمد ٹیکسٹائل نے اپنے ایکسپورٹ اپیرل سیگمنٹ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ہزاروں ملازمین متاثر ہوئے ہیں۔ اسی طرح کئی عالمی بڑی کمپنیاں بھی پاکستان سے نکلنے یا اپنے آپریشن محدود کرنے پر مجبور ہو چکی ہیں۔

پروکٹر اینڈ گیمبل، مائیکروسافٹ، شیل سمیت دیگر اداروں کا انخلا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک میں توانائی کے نرخ، ٹیکس بوجھ اور پالیسی کی غیر یقینی صورتحال بڑے مسائل کی شکل اختیار کر گئی ہے۔

پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے حکومت سے فوری اصلاحات پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مزید صنعتوں کی بندش اور سرمایہ کاری میں کمی کا خطرہ ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *