پاکستان نیوی کے دوسرے ملگیم کلاس جہاز ‘پی این ایس خیبر’ کی کمیشننگ کی تقریب استنبول نیول شپ یارڈ، ترکیہ میں منعقد ہوئی، جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تقریب میں جمہوریۂ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، این آئی، این آئی (ایم) بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدررجب طیب اردوان نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیا اور مستقبل میں دفاعی پیداوار کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ایم ایس اے ایف اے ٹی، استنبول نیول شپ یارڈ اور منصوبہ بندی، ڈیزائن اور تعمیر میں شامل اصل ساز و سامان تیار کرنے والی کمپنیوں کی وابستگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے ہوتے ہوئے دفاعی شراکت داری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی اور ترک نیول فورسز کے درمیان دوطرفہ روابط نہ صرف دفاعی تعاون کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ دونوں ممالک کے دیرینہ اور مستحکم تعلقات کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔
تقریب کے بعد صدر اردوان نے جہاز کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہوں نے جہاز کے عملے سے ملاقات کی۔ اس دوران ترک صدر اور چیف آف دی نیول اسٹاف کے درمیان خطے میں بحری سلامتی کی صورتحال پر تبادلۂ خیال ہوا اور پاکستان نیوی اور ترک نیول فورسز کے درمیان مستقبل کے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
پاکستان نیوی کے ملگیم کلاس جہاز جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس سطحی پلیٹ فارمز میں شمار ہوتے ہیں، جن میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز، جدید ہتھیار اور اعلیٰ درجے کے سینسر نصب ہیں۔
پاکستان کے لیے چار ملگیم کلاس جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ 2018 میں وزارتِ دفاعی پیداوار، پاکستان اور ایم ایس اے ایف اے ٹی، ترکیہ کے درمیان طے پایا تھا، جس کے تحت 2 جہاز ترکیہ اور 2 پاکستان میں تعمیر کیے جانے تھے۔ ‘پی این ایس خیبر’ کی کمیشننگ کے ساتھ ترکیہ میں تعمیر ہونے والے دونوں جہازوں کی تکمیل ہو گئی ہے۔