بھارت کی ریاستی سپانسرڈ دہشتگردی عالمی امن اور سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرے کی شکل اختیار کر چکی ہے، جس کے اثرات اب پاکستان تک محدود نہیں رہے بلکہ کینیڈا، امریکا، آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک تک پھیل چکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اپنی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے ذریعے ریاستی دہشتگردی کی منظم پالیسی پر عمل درآمد کروا رہا ہے۔ بنگلہ دیشی نوجوان رہنما عثمان ہادی کے قتل کے بعد ایک اور سیاسی رہنما حسنات عبداللہ کو بھارتی عناصر کی جانب سے کھلی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج کے سابق میجر نے سوشل میڈیا پر حسنات عبداللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگلی باری تمہاری ہے‘، جبکہ ایک اور ٹویٹ میں سابق بھارتی کرنل نے ان کی گردن میں گولی مارنے کی دھمکی دی، جسے ماہرین بھارتی ڈیپ اسٹیٹ کی براہ راست سرپرستی سے جوڑ رہے ہیں۔
پاکستان ماضی میں بارہا عالمی سطح پر شواہد کے ساتھ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کو بے نقاب کر چکا ہے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی ہمسایہ ممالک میں مداخلت اور دہشتگرد گروہوں کی پشت پناہی نے پورے خطے کو تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی ہندتوا سوچ کے زیر اثر پرتشدد توسیع پسندانہ عزائم نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ بنتے جا رہے ہیں، حالیہ سڈنی حملے میں بھی بھارتی شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 2 ہزار بیس میں آسٹریلیا نے بھارتی انٹیلی جنس سے منسلک اہلکاروں کو جاسوسی سرگرمیوں پر ملک بدر کیا تھا۔
اس سے قبل کینیڈا اور امریکا میں سکھ رہنماؤں پر ہونے والے حملوں میں بھی بھارتی خفیہ اداروں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے، سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارتی سفارتی اہلکاروں کے شرپسند عناصر سے روابط کو بے نقاب کیا تھا، کینیڈین سرزمین پر خالصتان رہنما ہردیب سنگھ نجر کے قتل پر کئی ماہ تک کینیڈا اور بھارت کے سفارتی تعلقات معطل رہے۔
امریکا میں بھی سکھ فار جسٹس کے سربراہ کے قتل کی سازش میں ایک بھارتی شہری کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی کی سرگرمیاں عالمی سطح پر پھیل چکی ہیں، اسی طرح سری لنکا میں بھارت دہائیوں تک تامل دہشتگردوں کی حمایت کرتا رہا جو ایک بدترین خانہ جنگی کا باعث بنی۔
ماہرین کے مطابق خود بھارت کے شہری، بالخصوص اقلیتیں بھی ریاستی دہشتگردی سے محفوظ نہیں، منی پور میں مسیحی اقلیت، کشمیر میں مسلمان اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن اس کی واضح مثالیں ہیں، جہاں بھارتی ریاست کے ہاتھ معصوم شہریوں کے خون سے رنگے نظر آتے ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں نوجوان رہنما کا قتل بھارتی ڈیپ سٹیٹ کی عالمی سطح پر منظم دہشتگردی کی ایک اور کڑی ہے، عالمی مبصرین نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا سخت نوٹس لیں اور عالمی امن کو لاحق اس خطرے کے خلاف مؤثر اقدامات کریں۔