خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر حملہ کرکے 5 پولیس جوانوں کو شہید کردیا۔ ترجمان کے پی پولیس کے مطابق پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ امان کوٹ کے قریب دہشتگردوں نے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ تھانہ گرگری کی حدود میں کیا گیا، جہاں پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ شہید ہونے والے پولیس جوانوں میں شاہد اقبال، عارف اور صفدر شامل ہیں، جبکہ دیگر 2 جوانوں کے ناموں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ پولیس موبائل تیل و گیس کی تلاش میں مصروف ایک نجی کمپنی کی سیکیورٹی پر مامور تھی اور معمول کے مطابق گشت انجام دے رہی تھی کہ دہشتگردوں نے موقع پاکر حملہ کر دیا۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار یا انجام تک پہنچایا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق علاقے میں داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
ڈی پی او کرک سمیت پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے، جبکہ اعلیٰ حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔ واقعے کے بعد پورے ضلع میں سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ پولیس جوانوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔