ملکہ کوہسار مری میں 25دسمبر اور نیو ایئر نائٹ کے لیے دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے،ڈپٹی کمشنر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق 25دسمبر اور نیو ایئر نائٹ پر صرف سیاح فیملیز کو آنے کی اجازت ہوگی،نوٹیفکیشن کے مطابق بیچلر ٹورسٹ کیلئے مال روڈ پرداخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔
ملکہ کوہسار مری میں کرسمس اور نیو ایئر نائٹ کےموقع پر امن وامان اور ٹریفک کی روانی کویقینی بنانے کےلیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے
ڈپٹی کمشنر مری کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس میں اہم پابندیوں اور ہدایات کی تفصیل دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 25 دسمبر اور نیو ایئر نائٹ کے دوران مری میں صرف فیملی سیاحوں کو آنے کی اجازت ہوگی، جبکہ بیچلر ٹورسٹ کے لیے جی پی او مال روڈ میں داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام گزشتہ برسوں میں پیش آنے والے ہجوم، بدانتظامی اورسیکورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان دنوں مری میں سیاحوں کی غیر معمولی تعداد متوقع ہوتی ہے جس کے باعث ٹریفک جام، ہوٹلوں میں رش،عوامی مقامات پر بدنظمی اور ایمرجنسی سروسز پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد ان مسائل پرقابو پانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے اس دوران ہوائی فائرنگ، آتش بازی،غیر ضروری اجتماع اور سڑکوں پر رکاوٹ ڈالنے جیسے اقدامات پر بھی سختی سے پابندی ہوگی۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں جرمانہ اور گرفتاری بھی شامل ہو سکتی ہےپولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت اہم مقامات پر سخت نگرانی رکھیں اور نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔