پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں ایک بڑی اور اہم پیش رفت سامنےآگئی ہے،جہاں قومی ایئرلائن کے حصص کی خریداری کے لیے بولیاں کھولنے کا عمل جاری ہے۔
مختلف کاروباری گروپس کی جانب سے اربوں روپے کی بولیاں جمع کرائی گئی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی اب بھی برقرار ہے۔
نجکاری کے عمل کے دوران سب سے زیادہ بولی عارف حبیب گروپ کی جانب سے دی گئی ہے جس کی مالیت 115 ارب روپے بتائی جا رہی ہے،یہ اب تک کی سب سے بڑی بولی ہے جس نے نجکاری کے عمل کو ایک نیا موڑ دے دیا ہے،عارف حبیب گروپ کی یہ پیشکش حکومت کے لیے ایک مضبوط آپشن ثابت ہو سکتی ہےکیونکہ یہ بولی مالی اعتبار سے دیگر تمام بولیوں سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
دوسری جانب لکی سیمنٹ کنسورشیم نے بھی پی آئی اے کی نجکاری میں بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے 101 ارب 50 کروڑ روپے کی بولی جمع کرائی ہے۔
لکی سیمنٹ گروپ کا شمار ملک کے بڑے صنعتی اور کاروباری گروپس میں ہوتا ہے، اور اس کی شمولیت کو نجکاری کے عمل کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ جبکہ ایئر بلیو نے 26ارب پچاس کروڑ کی بولی دی ہے ۔