اولمپکس میں پاکستان کے فخر ارشد ندیم کو ان کی شاندار کارکردگی پر عالمی سطح پر ایک اور پہچان ملنے جا رہی ہےمیڈیا رپورٹس کے مطابق رائل فیملی دبئی نے ارشد ندیم کو ورلڈ اسپورٹس سمٹ میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے۔
ارشد ندیم اس سمٹ میں شرکت کرنے والے واحد پاکستانی ایتھلیٹ ہوں گے جو پاکستان کے لیے ایک بڑی اعزاز کی بات ہے،ارشد ندیم نے حال ہی میں ایک اور گولڈ میڈل جیت کر اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے اور عالمی سطح پر اپنی پہچان کو مزید مضبوط کیا ہے۔
ورلڈ اسپورٹس سمٹ کے دوران ارشد ندیم کو شیخ راشد المکتوم گلوبل اسپورٹس ایوارڈ سے نوازا جائے گا جو بہترین ایتھلیٹس کے لیے عالمی سطح کا ایک معزز اعزاز ہے۔یہ سمٹ دبئی میں 29 اور 30 دسمبر کو منعقد ہو گا اور اس میں دنیا کے چند مشہور کھلاڑی بھی شریک ہوں گےجن میں فٹبال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو، ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز، ٹینس کے عالمی نمبر ایک نوواک جوکوچ اور مشہور فائٹر خبیب نورماگومیدوف شامل ہیں۔
یہ موقع ارشد ندیم کے لیے نہ صرف اعزاز بلکہ تجربہ اور عالمی نیٹ ورک بڑھانے کا سنہری موقع بھی ہےارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر عائد پابندی بھی ہٹا دی گئی ہے جس سے ارشد ندیم کی تربیت اور کارکردگی میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
اس سمٹ میں شرکت سے نہ صرف ارشد ندیم کی ذاتی پہچان بڑھے گی بلکہ پاکستان کو بھی عالمی کھیلوں میں مثبت روشنی میں پیش کیا جائے گا،ارشد ندیم کی یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال ہے کہ محنت، لگن اور عزم سے عالمی سطح پر کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔