عام تعطیل کا اعلان

عام تعطیل کا اعلان

اسلام آباد میں 26 دسمبر بروز جمعہ مقامی تعطیل سے متعلق صورتحال میں ایک بار پھر تبدیلی سامنے آ گئی ہے، جہاں حکومت کی جانب سے مقامی تعطیل کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

تازہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تمام وفاقی دفاتر 26 دسمبر بروز جمعہ بند رہیں گے۔ حکومت نے اس ضمن میں پہلے جاری کیا گیا وضاحتی نوٹیفکیشن منسوخ کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے بعد صورتحال واضح ہو گئی ہے۔

جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں مقامی تعطیل کے باوجود بعض اہم اور ضروری ادارے معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسپتال، بینک اور دیگر ضروری خدمات فراہم کرنے والے دفاتر کھلے رہیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ اسی طرح میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔

نئے نوٹیفکیشن کے تحت ضلعی انتظامیہ، پولیس، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) اور سوئی نادرن گیس کے دفاتر کو بھی کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ شہر کے انتظامی، سیکیورٹی اور یوٹیلیٹی امور معمول کے مطابق چلتے رہیں۔ حکام کے مطابق ان اداروں کی خدمات شہری زندگی کے لیے ناگزیر ہیں، اس لیے انہیں مقامی تعطیل سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان ہونے کے باوجود تمام سرکاری ادارے کھلے رہیں گے، جانئے کیوں؟

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے 26 دسمبر بروز جمعہ کو اسلام آباد میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں کابینہ ڈویژن کی جانب سے ایک وضاحتی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ جمعہ کے روز تمام وفاقی سرکاری ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ اس وضاحتی نوٹیفکیشن کے بعد صورتحال میں ابہام پیدا ہو گیا تھا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *