موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں عوام کی حفاظت اور حادثات سے بچاؤ کے لیے متعدد اہم موٹرویز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام بنیادی طور پر ڈرائیورز اور مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے،موٹرویز ایم۔2، ایم۔3، ایم۔4 اور ایم5 دھند کی شدت کے سبب عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
موٹروے ایم۔2 لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم۔3 فیض پور سے درخانہ تک، ایم۔4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور ایم۔5 ملتان سے ظاہر پیر تک کھلی نہیں ہیں۔
اس کے علاوہ لاہور سے سیالکوٹ تک جانے والی موٹروے ایم۔11 پر بھی شدید دھند کے سبب کسی قسم کی ٹریفک کی روانگی ممکن نہیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان نے واضح کیا کہ موٹرویز کی عارضی بندش کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے اور یہ عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کا ایک مؤثر قدم ہے۔
دھند کے دوران ڈرائیورز کو اپنی گاڑی کی رفتار کم رکھنی چاہیے اور لین کی خلاف ورزی سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ عمل خطرناک حادثات کا سبب بن سکتاہے۔
ٹریفک پولیس کی طرف سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موٹرویز کی بندش اور دھند کی شدت کی وجہ سے حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور بغیر ضروری وجہ کے سفر کرنے سے گریز کریں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی دھند کی شدت کم ہوگی اور حد نگاہ معمول کے مطابق بحال ہوگی موٹرویز دوبارہ کھول دی جائیں گی جس کے بارے میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا ۔