صوبہ پنجاب کے ضلع قصور میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے شدید زخمی ہونے والی کمسن بچی کو تشویشناک حالت میں لاہور کے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق 2 سالہ زینب فاطمہ اپنے والدین کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہی تھی کہ حادثے کے دوران پتنگ کی ڈور اس کے گلے میں آ گئی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گلے پر ڈور پھرنے کے باعث بچی کی حالت نازک ہے اور اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر کے علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچی کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ اس کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں پتنگ فروش کے خلاف کریک ڈاؤن کیا اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے پتنگیں اور خطرناک ڈور برآمد کر لی گئی ہے جبکہ اس کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی صدر قصور افضل ڈوگر اور ایس ایچ او بی ڈویژن اسلم بھٹی نے اسپتال پہنچ کر زخمی بچی کے علاج معالجے کی نگرانی کی اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ پولیس افسران نے یقین دہانی کرائی کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پتنگ بازی سے اجتناب کریں اور خاص طور پر خطرناک ڈور کے استعمال سے باز رہیں کیونکہ یہ قیمتی انسانی جانوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کے خلاف مہم مزید تیز کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔