پاکستان کے لیے باعثِ فخر اور وطنِ عزیز کی بیٹی مونا خان نے لندن میراتھن ریس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ خاتون صحافی مونا خان نے 42.2 کلومیٹر پر مشتمل مکمل میراتھن مقررہ وقت میں کامیابی سے مکمل کر کے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا اور تاریخ رقم کر دی۔
لندن میراتھن ریس کے دوران مونا خان نے سبز ہلالی پرچم تھامے شاندار انداز میں دوڑ مکمل کی اور بھارتی ریسر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ ان کی اس جرات مندانہ اور باوقار کامیابی کو شرکا اور شائقین کی جانب سے بھرپور داد ملی، جبکہ پاکستانی کمیونٹی نے اس لمحے کو قومی فخر کے طور پر منایا۔
مونا خان کی اس تاریخی فتح نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستانی خواتین عزم، ہمت اور محنت کے بل بوتے پر عالمی سطح پر کسی سے کم نہیں۔ ایک خاتون اور صحافی ہونے کے باوجود انہوں نے ثابت کیا کہ اگر حوصلہ مضبوط ہو تو کوئی بھی رکاوٹ منزل کے راستے میں حائل نہیں ہو سکتی۔
کامیابی کے بعد اپنے پیغام میں مونا خان نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم، بالخصوص پاکستانی خواتین کا ہے، جو ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی کامیابی نوجوان لڑکیوں کے لیے حوصلے اور خود اعتمادی کی مثال بنے۔
مونا خان کی کہانی عزم، قربانی اور ناقابل شکست حوصلے کی عکاس ہے۔ ان کی تاریخی کامیابی نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستانی خواتین کھیل، صحافت یا کسی بھی شعبے میں عالمی سطح پر اپنے حریفوں کو مات دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، اور مستقبل میں بھی ایسی کامیابیاں پاکستان کا نام مزید روشن کریں گی۔