پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کر لیے ہیں۔ یہ اعزاز انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ کے دوران حاصل کیا۔
تفصیلات کے مطابق، بابر اعظم نے مجموعی طور پر 370 انٹرنیشنل اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے پانچویں بیٹر بن گئے ہیں۔
پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم سے قبل یہ اعزاز چار دیگر عظیم پاکستانی بلے باز حاصل کر چکے ہیں۔ انضمام الحق 20 ہزار 541 رنز کے ساتھ فہرست میں سب سے آگے ہیں، یونس خان نے اپنے کیریئر میں 17 ہزار 790 رنز بنائے، محمد یوسف نے 17 ہزار 134 رنز اسکور کیے، جبکہ جاوید میانداد نے 16 ہزار 213 رنز کے ساتھ نمایاں کارکردگی دکھائی۔
اعداد و شمار کے مطابق، بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 4 ہزار 366 رنز بنائے، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کے رنز کی تعداد 4 ہزار 302 ہے، جبکہ ون ڈے کرکٹ میں وہ 6 ہزار 330 سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔
بابر اعظم کے کیریئر میں اب تک 31 سنچریاں اور 104 نصف سنچریاں شامل ہیں، جو ان کی مستقل مزاجی اور کلاس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
ان کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ان کے شائقین بلکہ پاکستان کرکٹ کے لیے بھی فخر کا لمحہ ہے، کیونکہ وہ مسلسل عالمی سطح پر اپنی کارکردگی سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ بابر اعظم نے اپنی بیٹنگ سے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ جدید دور کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔