نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر ڈاوگ بریسویل نے صرف 35 برس کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ڈاوگ بریسویل نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ساتھ ہی ان کے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام ہو گیا ہے۔
ڈاوگ بریسویل نے اپنے کیریئر کے دوران نیوزی لینڈ کی نمائندگی تینوں فارمیٹس میں کی ہے ، انہوں نے 28 ٹیسٹ میچز، 21 ون ڈے انٹرنیشنل اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ، ایک مؤثر آل راؤنڈر کے طور پر وہ ٹیم کے لیے مشکل مواقع پر کارآمد ثابت ہوئے، چاہے وہ بیٹنگ ہو یا بولنگ۔
ان کے بین الاقوامی کیریئر کا نمایاں ترین لمحہ ابتدا ہی میں سامنے آیا، جب انہوں نے اپنے صرف تیسرے ٹیسٹ میچ میں دسمبر 2011 میں ہوبارٹ میں آسٹریلیا کے خلاف 60 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں۔
اس شاندار کارکردگی نے بلیک کیپس کو آسٹریلیا میں 26 سال بعد پہلی ٹیسٹ فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا، اور یہ کامیابی آج تک آسٹریلوی سرزمین پر نیوزی لینڈ کی آخری ٹیسٹ فتح بھی ہے۔
اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران، بریسویل کی متحرک فاسٹ میڈیم بولنگ نے انہیں 38.82 کی اوسط سے 74 وکٹیں دلوائیں ، اس کے علاوہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے لیے وائٹ بال کرکٹ میں 46 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
بریسویل کا تعلق نیوزی لینڈ کے کرکٹ کے نمایاں اور معروف خاندانوں میں سے ایک سے ہے ، ان کے والد برینڈن اور چچاجان بریسویل دونوں نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، جبکہ جان بریسویل نے کئی ادوار میں نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
ان کے دیگر چچا، ڈگلس اور مارک بریسویل نے بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میں کامیاب کیریئر گزارا۔
اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران ڈاوگ بریسویل نے اپنے کزن مائیکل بریسویل کے ساتھ دو ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹیسٹ میچ کھیلا۔ مائیکل بریسویل آئندہ بھارت کے دورے پر ہونے والی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں، دونوں کزنز 2010 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی ایک ساتھ میدان میں اتر چکے ہیں۔
ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ میں بریسویل نے اپنے پورے کیریئر میں سینٹرل ڈسٹرکٹس کی نمائندگی کی ، اس کے علاوہ وہ 2012 کی انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی ڈیئر ڈیولز (موجودہ دہلی کیپیٹلز)، SA20 2024 میں جوبَرگ سپر کنگز اور رواں سال کے آغاز میں گلوبل سپر لیگ میں سینٹرل اسٹَیگز کی جانب سے بھی کھیلے۔
وہ نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک اعزاز کے ساتھ ریٹائر ہو رہے ہیں، جہاں انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 4 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے اور 400 سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں ، یہ کارنامہ ان سے قبل صرف ایک اور کھلاڑی آف اسپنر جیتن پٹیل، انجام دے سکے ہیں۔
137 فرسٹ کلاس میچز میں ڈاوگ بریسویل نے 31.08 کی اوسط سے 437 وکٹیں حاصل کیں اور 25.45 کی اوسط سے 4,505 رنز بنائے، جن میں تین سنچریاں بھی شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار ان کے پورے کیریئر میں ایک مستند اور قابلِ اعتماد آل راؤنڈر ہونے کا واضح ثبوت ہیں۔
کرکٹ حلقوں کی جانب سے ڈاوگ بریسویل کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔