لبرٹی چوک میں معرکہِ حق کی عظیم فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر پنجاب حکومت کے زیر اہتمام شاندار جشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ رات گئے ہونے والی آتشبازی سے پورا آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔
تقریب میں میوزیکل کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں مختلف فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ معروف گلوکار ساحر علی بگا کی پرفارمنس نے شرکا کا جوش و جذبہ مزید بڑھا دیا۔ جشن فتح کے موقع پر قومی نغموں اور ملی ترانوں نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔
تقریب میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے خصوصی شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر بلال یاسین اور ڈی جی پی ایچ اے راجہ منصور بھی موجود تھے۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ لاہور کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکہِ حق اور اس کے بعد سید عاصم منیر نے ملک کا وقار بلند کیا جبکہ شہباز شریف نے قیادت کا حق ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مئی کا مہینہ پاکستان کی تاریخ میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ایک جانب نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور دوسری جانب گزشتہ برس اسی مہینے پاکستان کو معرکہِ حق میں عظیم کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا اور آج پاکستان دنیا میں امن کے پیامبر کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔