بنگلہ دیش میں بالآخر وہ لمحہ آ ہی گیا جس کا تذکرہ طویل عرصے سے سفارتی اور عوامی حلقوں میں ہو رہا تھا۔ پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے درمیان ڈھاکہ میں مصحافہ ہو گیا، جہاں دونوں رہنماؤں کی مختصر مگر خوشگوار غیر رسمی گفتگو اور مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اور بھارتی وزیرخارجہ جےشنکر کے درمیان بدھ کوملاقات سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کی رہائش گاہ پر ان کی تدفین کے موقع پر ہوئی۔عینی شاہدین کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر ایاز صادق کی نشست پر آئے ہاتھ بڑھا کر مصحافہ کیا، جس پر ایاز صادق نے مسکراتے ہوئے سلام کیا اور خیریت دریافت کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا اور چند لمحوں کی غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی، جسے سفارتی آداب کے دائرے میں ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اگرچہ یہ ملاقات کسی باضابطہ مذاکرات کا حصہ نہیں تھی، تاہم اس نے تقریب میں موجود دیگر وفود کی توجہ ضرور حاصل کی۔
واضح رہے کہ ایک طویل عرصے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان مصحافہ اور سفارتی رویّوں پر بحث جاری رہی ہے۔ اس بحث کو اس وقت مزید تقویت ملی تھی جب بھارتی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے مصحافہ کرنے سے انکار کیا تھا، جس پر بھارت کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ ڈھاکہ میں ہونے والا یہ مصحافہ اگرچہ علامتی نوعیت کا ہے، تاہم جنوبی ایشیا کے تناؤ بھرے ماحول میں اسے ایک مثبت اور خوش آئند اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔ سفارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایسے غیر رسمی لمحات بسا اوقات رسمی سفارت کاری سے زیادہ معنی خیز ثابت ہوتے ہیں۔