کینیڈا میں بہتر مستقبل کے خواہاں پاکستانی ہنر مند افراد کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں میرٹ پر مبنی، شفاف اور قانونی امیگریشن نظام کے تحت مستقل رہائش حاصل کرنے کا ایک نیا موقع دستیاب ہو گیا ہے۔
کینیڈا نے اپنی معروف ایکسپریس انٹری امیگریشن اسکیم کو دوبارہ فعال کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستانی اسکلڈ ورکرز کے لیے کینیڈا میں مستقل طور پر آباد ہونے کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔
اس فیصلے کے نتیجے میں اہل اور قابل افراد کو دنیا کے ترقی یافتہ ترین اور تارکینِ وطن کے لیے سازگار ممالک میں سے ایک میں رہنے، کام کرنے اور مستقل رہائش اختیار کرنے کا موقع حاصل ہو گا۔
امیگریشن ماہرین کے مطابق ایکسپریس انٹری نظام ہنر مند افراد کے لیے سب سے منظم، شفاف اور میرٹ پر مبنی راستہ تصور کیا جاتا ہے، جو امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا (آئی آر سی سی) کے تحت کام کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نظام میں امیدواروں کا انتخاب تعلیم، کام کے تجربے، زبان پر عبور اور مجموعی مہارتوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، تاکہ صرف اہل ترین اور موزوں افراد کو مستقل رہائش کے لیے منتخب کیا جا سکے۔ ایکسپریس انٹری کسی مخصوص ویزا کا نام نہیں بلکہ ایک آن لائن امیگریشن مینجمنٹ سسٹم ہے، جس کے ذریعے تین بڑے وفاقی امیگریشن پروگراموں کے تحت درخواستوں پر کارروائی کی جاتی ہے۔
فیڈرل اسکلڈ ورکر پروگرام ان پیشہ ور افراد کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جن کے پاس غیر ملکی تعلیم اور کام کا تجربہ موجود ہو۔ اس پروگرام کے لیے درخواست دہندگان کا گزشتہ دس سال میں کم از کم ایک سال کا ہنر مند کام کا تجربہ اور کم از کم ثانوی تعلیم ہونا لازمی ہے، جبکہ اعلیٰ تعلیمی قابلیت کمپریہینسو رینکنگ سسٹم (سی آر ایس) اسکور میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔
کینیڈین ایکسپیرینس کلاس اُن افراد کے لیے مخصوص ہے جن کے پاس گزشتہ تین سال کے دوران کینیڈا میں کم از کم ایک سال کا ہنر مند کام کا تجربہ ہو۔ اس پروگرام میں جاب آفر کی شرط نہیں رکھی گئی اور نہ ہی کسی کم از کم تعلیمی معیار کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
اسی طرح فیڈرل اسکلڈ ٹریڈز پروگرام تعمیرات، مینوفیکچرنگ، یوٹیلیٹیز، زراعت اور خوراک سے وابستہ شعبوں کے ہنر مند کارکنوں کے لیے ہے۔ اس پروگرام کے تحت گزشتہ پانچ سال میں کم از کم دو سال کا متعلقہ تجربہ اور کینیڈا میں ملازمت کی پیشکش یا تسلیم شدہ ٹریڈ سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہوتا ہے۔ تمام کام کا تجربہ کینیڈا کے نیشنل آکوپیشنل کلاسیفکیشن سسٹم کے مطابق ہونا چاہیے۔
درخواست کے عمل کے مطابق امیدوار سب سے پہلے ایک آن لائن پروفائل تیار کرتے ہیں جس میں تعلیم، زبان کے ٹیسٹ کے نتائج، کام کا تجربہ اور ذاتی معلومات شامل کی جاتی ہیں۔ یہ پروفائل ایکسپریس انٹری پول میں شامل ہو جاتا ہے جہاں امیدواروں کو سی آر ایس کے تحت درجہ بندی دی جاتی ہے۔ آئی آر سی سی باقاعدگی سے قرعہ اندازی کے ذریعے زیادہ اسکور حاصل کرنے والے امیدواروں کو مستقل رہائش کے لیے درخواست دینے کی دعوت دیتا ہے، جس کے بعد مکمل دستاویزات جمع ہونے پر حتمی فیصلہ کیا جاتا ہے۔