ملکی معیشت کے لیے خوشخبری ہے کہ خام تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہو گئے ہیں ، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے اعلان کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع اپنے کنویں باراگزی ایکس 1 میں خام تیل اور گیس دریافت کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے اس پیش رفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا۔ نوٹس میں بتایا گیا کہ او جی ڈی سی ایل، نشپا ایکسپلوریشن لائسنس کے 65 فیصد آپریٹر ہونے کے ناتے، یہ دریافت پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور گورنمنٹ ہولڈنگز لمیٹڈ کے اشتراک سے کی گئی ہے۔
کنویں کے ڈاٹا فارمیشن (جراسک دور) میں کیسسڈ ہول ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کے دوران یومیہ 4,100 بیرل تیل اور یومیہ 10.5 ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہوئی، جبکہ ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر 3,880 پی ایس آئی جی ریکارڈ کیا گیا۔ باراگزی ایکس 1 کنویں کو 30 دسمبر 2024 کو تحقیقاتی مقصد کے لیے کھودا گیا اور یہ کنگریالی فارمیشن تک 5,170 میٹر کی کل گہرائی تک پہنچا۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق ڈاٹا فارمیشن میں تقریباً 187 میٹر کی چوڑائی تک تیل اور گیس کے آثار ملے، اور ڈرلنگ کے دوران ہائیڈروکاربن کے مضبوط آثار، اوپن ہول وائر لائن لاگز اور امیج لاگز پر فریکچر کے اشارے کی بنیاد پر کیسسڈ ہول ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کیا گیا۔
او جی ڈی سی ایل نے کہا ہے کہ اس دریافت سے ملکی توانائی کے شعبے میں طلب و رسد کا فرق کم کرنے میں مدد ملے گی اور ملک کے ہائیڈروکاربن ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
اس کے علاوہ، یہ او جی ڈی سی ایل اور اس کے مشترکہ منصوبے کے پارٹنرز کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگی اور ملکی توانائی کے شعبے کو مضبوط کرے گی۔