نئے سال کے آغاز پر عوام کے لیے خوش آئند خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی نمایاں کمی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول سستا ہونے کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے بین الاضلاعی بس کرایوں میں ساٹھ روپے سے لے کر ایک سو اسی روپے تک کمی کر دی ہے، جس سے مسافروں کو براہ راست ریلیف ملا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 1910 روپے سے کم کرکے 1850 روپے مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ لاہور سے مری کا کرایہ 2370 روپے سے کم ہو کر 2290 روپے ہو گیا ہے۔ اسی طرح پشاور کے لیے کرایہ 2610 روپے سے کم کرکے 2530 روپے اور مانسہرہ کے لیے 2500 روپے سے کم کرکے 2420 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ایبٹ آباد جانے والے مسافروں کے لیے کرایہ 2310 روپے سے کم کرکے 2240 روپے کر دیا گیا ہے۔
سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے اس حوالے سے بتایا کہ فیصل آباد کے لیے بس کرایہ 1010 روپے سے کم کرکے 980 روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح صادق آباد کے لیے کرایہ 2510 روپے سے کم ہو کر 2430 روپے جبکہ ملتان کے لیے کرایہ 1700 روپے سے کم کرکے 1650 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ طویل فاصلے کے روٹس پر بھی نمایاں کمی کی گئی ہے۔ کراچی کے لیے بس کرایہ 5800 روپے سے کم کرکے 5620 روپے جبکہ سکھر کے لیے کرایہ 3510 روپے سے کم کرکے 3400 روپے کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ کمی فوری طور پر نافذ العمل ہو گی اور تمام ٹرانسپورٹرز کو نئی فہرستوں کے مطابق کرایے وصول کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانا حکومت کی ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے تحت کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا۔ شہریوں نے کرایوں میں کمی کے اعلان کو نئے سال کا خوش آئند تحفہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی عوامی ریلیف کے ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔