ملک میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، تاہم کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق آج ملک بھرمیں سونے کی فی تولہ قیمت 2400 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 54 ہزار 562 روپے ہو گئی ہے۔
آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2058 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 89 ہزار 713 روپے پر آ گئی ہے۔
جیولرز کا کہنا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں یہ کمی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نرمی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باعث دیکھنے میں آئی ہے۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے زیورات کی خریداری میں اضافہ متوقع ہے، خاص طور پر شادیوں کے سیزن کے پیش نظر صارفین اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں تاہم تاجروں کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال اور مالیاتی پالیسیوں کے باعث سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں تبدیلی، شرح سود اور جغرافیائی حالات مقامی مارکیٹ پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں ، آئندہ دنوں میں بھی قیمتوں میں ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس پر سرمایہ کاروں اور خریداروں کی گہری نظر ہے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پر موجود ہے، جبکہ جرمنی اور اٹلی بھی سرفہرست ممالک میں شامل ہیں۔
ایشیا میں سونے کے سب سے زیادہ ذخائر چین کے پاس ہیں، جبکہ بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اور ایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے پاکستان سونے کے ذخائر کے حوالے سے عالمی فہرست میں 49ویں نمبر پر موجود ہے۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدااور پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔