پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے نئے سیزن میں دو نئی ٹیموں کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق ان نئی ٹیموں کی ابتدائی قیمت 100 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے،یہ اقدام لیگ کی وسعت اور کرکٹ کی مقبولیت بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف مقامی سطح پر کرکٹ کے شائقین کے لیے مزید دلچسپی پیدا ہوگی بلکہ عالمی سطح پر بھی پی ایس ایل کی پہچان مضبوط ہوگی۔
پی ایس ایل کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو نئی ٹیموں اور بولی کے تمام معاملات فائنل ہو چکے ہیں، اس کے لیے کل 10 دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار اپنی بولیاں پیش کریں گے،یہ بولی پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک یادگار تقریب کے طور پر منعقد کی جائے گی تاکہ لیگ کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور نئے شراکت داروں کا باضابطہ اعلان کیا جا سکے۔
بولی کی تقریب 8 جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگیا س موقع پر نہ صرف نئی ٹیموں کی شمولیت کا اعلان کیا جائے گا بلکہ تقریب کو یادگار بنانے کے لیے معروف گلوکار راحت فتح علی خان بھی پرفارم کریں گے۔
ان کے پرفارمنس سے تقریب میں شرکت کرنے والوں کو ایک شاندار تجربہ ملے گا اور یہ پی ایس ایل کے نئے سیزن کی شروعات کو مزید رنگین بنائے گا۔
اس سلسلے میں پی ایس ایل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئی ٹیموں کی شمولیت لیگ کے مقابلوں میں مزید جوش و خروش پیدا کرے گی اور شائقین کے لیے دلچسپی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ تقریب پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی کیونکہ اس میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کی باضابطہ منظوری کے ساتھ ساتھ لیگ کی توسیع اور عالمی معیار کی تقریبات کا بھی اعلان کیا جائے گا۔