آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026، آسٹریلین اسکواڈ اعلان، اہم کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026، آسٹریلین اسکواڈ اعلان، اہم کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی

کرکٹ آسٹریلیا نے فروری 2026 میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں چند اہم اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی نے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں پیٹ کمنز، کیمرون گرین اور کوپر کنولی کو دوبارہ شامل کیا گیا ہے، جو حالیہ دنوں میں بھارت کے خلاف سیریز کے لیے منتخب اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی کی تازہ رینکنگ جاری، پاکستانی کرکٹرز چھا گئے

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر جارج بیلی کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور ٹم ڈیوڈ تیزی سے ریکوری کی جانب بڑھ رہے ہیں اور میڈیکل رپورٹس حوصلہ افزا ہیں۔ ان کے مطابق سلیکشن کمیٹی کو پورا اعتماد ہے کہ یہ تینوں سینیئر کھلاڑی ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز تک مکمل فٹ ہو کر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

جارج بیلی نے کہا کہ اعلان کردہ ٹیم محض ابتدائی اسکواڈ ہے اور سپورٹ پیریڈ کے دوران اگر ضرورت محسوس ہوئی تو اس میں تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھلاڑیوں کی فارم، فٹنس اور بین الاقوامی شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلے کیے جائیں گے تاکہ ورلڈ کپ میں مضبوط ترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترا جا سکے۔

اعلان کردہ آسٹریلوی ٹی 20 اسکواڈ میں کپتان مچل مارش، زیوئیر بارٹلیٹ، کوپر کنولی، نیتھن ایلس، پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، میتھیو کوہنیمن، گلین میکسویل، میتھیو شارٹ، مارکوس اسٹوئنس اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔ اسکواڈ میں تجربے اور نوجوان صلاحیتوں کا متوازن امتزاج دکھائی دیتا ہے، جس سے ٹیم مینجمنٹ کی طویل المدتی حکمت عملی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کا آئی پی ایل کے بقیہ میچز کیلئے بھارت واپس جانے سے انکار

چیف سلیکٹر جارج بیلی نے مزید بتایا کہ پاکستان کے خلاف مجوزہ تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، جس میں ممکنہ طور پر کچھ نئے چہروں کو آزمایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری 2026 سے بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، جہاں آسٹریلوی ٹیم ایک بار پھر ٹائٹل کے حصول کے لیے مضبوط دعوے دار کے طور پر میدان میں اترے گی۔

Related Articles