عمران خان کے پوسٹر والے ٹرک پر برطانیہ میں سیاہی پھینک دی گئی

عمران خان کے پوسٹر والے ٹرک پر برطانیہ میں سیاہی پھینک دی گئی

برطانیہ میں سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی تصویر آویزاں ایک معروف ٹرک کو نامعلوم افراد نے نشانہ بناتے ہوئے اس پر کالی سیاہی پھینک دی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

وائرل فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرک پر نصب عمران خان کی بڑی تصویر پر سیاہی ڈالی گئی ہے، جس سے پوسٹر کو نقصان پہنچا۔ سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے حامی صارفین نے اس عمل کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے ردعمل میں برطانیہ بھر میں عمران خان کی تصاویر والے مزید ٹرک سڑکوں پر نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا عمران خان 2026 میں رہا ہونے جارہے ہیں؟ ماہر علم نجوم سامعہ خان نے بڑی پیشگوئی کردی

ٹرک کے مالک کے مطابق یہ ٹرک گزشتہ تقریباً دو برس سے برطانیہ کے مختلف علاقوں میں گردش کر رہا ہے اور عمران خان سے اظہارِ یکجہتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ مالک نے بتایا کہ یہ واقعہ 2026 کے آغاز سے چند روز قبل پیش آیا، جبکہ ان کے بقول ٹرک کو دانستہ طور پر نقصان پہنچایا گیا۔ تاہم واقعے میں ملوث افراد کی شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی۔

یاد رہے کہ مذکورہ ٹرک اس وقت خاصی شہرت اختیار کر گیا تھا جب جمائمہ گولڈ سمتھ نے اس کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی، جس کے بعد یہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا۔ ٹرک کے مالک کا نام سید مشرف شاہ بتایا گیا ہے، جو عمران خان کے دیرینہ حامی ہیں۔

واقعے کے بعد برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ایک حصے میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر اس اقدام کو آزادیِ اظہار پر حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تاحال برطانوی حکام کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *