سوشل میڈیا پر افغان فضائی حدود میں امریکی ڈرون گرنے کے جعلی دعوے بے نقاب

سوشل میڈیا پر افغان فضائی حدود میں امریکی ڈرون گرنے کے جعلی دعوے بے نقاب

سوشل میڈیا پر افغان صارفین کی جانب سے گزشتہ روز سے کئی پوسٹس گردش کر رہی ہیں جن میں من گھڑت پروپیگنڈا کیا گیا کہ افغان فورسز نے امریکی MQ-9 ریپر ڈرون گرا دیا۔ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ گرنے والا ڈرون پاکستان کی کسی فضائی اڈے سے افغانستان میں داخل ہوا تھا اور یہ ثابت کرتا ہے کہ امریکہ پاکستان سے افغانستان میں خفیہ آپریشنز کر رہا ہے۔ یہ جھوٹا دعویٰ مختلف صارفین نے X پلیٹ فارم پر شائع کیے، جن میں @MeghUpdates، @AFGDefense اور @elitepredatorss شامل ہیں۔

تاہم معتبر بین الاقوامی ذرائع کے مطابق یہ دعوے بے بنیاد ہیں۔ کسی بھی معروف میڈیا ادارے جیسے رائٹرز، اے پی، بی بی سی، یا الجزیرہ نے جنوری 2026 میں افغانستان میں امریکی MQ-9 ریپر ڈرون کے گرا یا تباہ ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

افغان ذرائع ابلاغ جیسے خامہ پریس ، اریانہ نیوز اور افغانستان انٹرنیشنل نے بھی اس واقعے کو صرف ایک “نامعلوم ڈرون کے حادثے” کے طور پر رپورٹ کیا، جو یکم جنوری 2026 کو میدان وردگ صوبے کے میدان شیر کے قریب برف پوش پہاڑوں میں پیش آیا۔

ان رپورٹس میں افغان یا طالبان فورسز کی جانب سے ڈرون گرا دینے، امریکی اصل یا پاکستان سے لانچ ہونے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، اور نہ ہی کسی جانی نقصان یا نقصان کی تصدیق ہوئی ہے۔ طالبان حکام نے بھی اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 2011 کے بعد سے امریکی فضائی اڈے موجود نہیں ہیں۔ سال 2011 میں سلالہ واقعہ کے بعد پاکستان نے شمسِی اڈہ امریکیوں کے لیے خالی کروا دیا، اور امریکی ڈرون آپریشنز افغانستان کے اڈوں پر منتقل کر دیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کے اڑتے تابوت، بھارتی ائیر چیف کا تیجاس جہازوں کی دستیابی بارے بے بسی کا اظہار، ائیر کموڈور (ر) خالد چشتی کا انکشاف

حادثے کے بعد ڈرون کے ملبے کی تصاویر اور تجزیات میں بھی غیر یقینی صورتحال ہے۔ ملبے میں سرمئی جسم، پروپیلر انجن، منحنی پروں والے وِنگ لیٹس، سینسر ہاؤسنگ اور وائرنگ دیکھی گئی ہے، تاہم کسی قسم کے نشان یا سیریل نمبر موجود نہیں ہیں۔ ابتدائی تجزیے میں واضح ہوا کہ یہ ملبہ Heron UAV (اسرائیلی ڈرون جو بھارت استعمال کرتا ہے) سے میل نہیں کھاتا، بلکہ MQ-9 Reaper یا سکائی گارڈین کی خصوصیات کے قریب ہے۔ تاہم، چونکہ MQ-9B کی تعداد بہت محدود ہے اور یہ بھارت کی جانب سے کچھ مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے، اس لیے ملبے کی اصل نوعیت بھی غیر یقینی ہے۔

ماہرین اور قابل اعتماد ذرائع واضح کرتے ہیں کہ کوئی بھی سرکاری ادارہ جیسے آئی ایس پی آر یا امریکی محکمہ دفاع نے اس ڈرون کے گرا دینے کی تصدیق نہیں کی، اور نہ ہی کوئی بین الاقوامی میڈیا رپورٹ اس واقعے کی تصدیق کرتی ہے۔ نتیجتاً، یہ دعوے مکمل طور پر غیر مصدقہ اور جھوٹے ہیں۔

ماہرین اور ذرائع ابلاغ صارفین کو ہدایت کر رہے ہیں کہ ایسی پوسٹس کو بغیر تصدیق کے آگے نہ بڑھائیں اور ہمیشہ سرکاری اور معتبر ذرائع کی تصدیق کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے ایک اور بھارتی ڈرون مار گرایا۔

Related Articles