آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت قرض حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوش آئند خبر سامنے آ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت آسان کاروبار فنانس اسکیم کی پراجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس پیسک ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں اسکیم کے دوسرے مرحلے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں اسکیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی رفتار مزید بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ ایس ایم ایز سیکٹر سے وابستہ کاروباری افراد اور ایوان ہائے صنعت و تجارت کو آسان کاروبار فنانس اسکیم کے حوالے سے بھرپور آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس کے دوران مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکیم کے دوسرے مرحلے میں اب تک 22 ارب روپے کے قرضے منظور کیے جا چکے ہیں جبکہ 16 ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم بھی کیے جا چکے ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ اسکیموں کے تحت صرف چھ ماہ کی قلیل مدت میں مجموعی طور پر 70 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے ہیں، جس سے پنجاب بھر میں 108,371 کاروبار کو فروغ ملا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اسکیم کے دوسرے مرحلے میں چار خصوصی اسکیموں کے تحت 3 سے 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں، جن سے ایس ایم ایز سیکٹر، چھوٹے تاجر، گھریلو صنعتیں اور وینڈرز مستفید ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے ایکسپورٹرز بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ تاجروں نے آسان کاروبار فنانس اسکیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اسکیم کی افادیت کو عام کرنے کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔