نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا دورہ چین، چینی قیادت سے علاقائی صورتحال، سی پیک اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا دورہ چین، چینی قیادت سے علاقائی صورتحال، سی پیک اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیو ہائی شینگ سے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، پاکستان چین تعلقات اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات ساتویں پاکستان چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے موقع پر ہوئی۔ اسحاق ڈار نے لیو ہائی شینگ کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے پلینم کی کامیابی پر مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں:اسحاق ڈاربیجنگ پہنچ گئے،پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی صدارت کرینگے

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان چین تعلقات کی مسلسل مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا، جس میں پارٹی ٹو پارٹی روابط اور سی پیک کے تحت جاری اہم منصوبوں میں تعاون شامل ہے۔ اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ 2026 میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر مشترکہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس اہم سنگ میل کو دونوں ممالک کے دیرینہ اور گہرے تعلقات کے شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔

علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے علاقائی سلامتی اور استحکام سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کیا، جبکہ چینی فریق نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔

اسٹریٹجک ڈائیلاگ

اسحاق ڈار ساتویں پاکستان چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کے لیے چین میں موجود ہیں۔ یہ ڈائیلاگ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین مشاورتی فورم ہے، جس کے ذریعے دو طرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اس اعلیٰ سطح کے مذاکرات کی مشترکہ صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ کر رہے ہیں۔ ان مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ، نئے شراکت داری کے مواقع کی نشاندہی اور پاکستان چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید آگے بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی مشترکہ پریس کانفرنس

ریڈیو پاکستان کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں ممالک دو طرفہ تعاون کا جامع جائزہ لیں گے اور نئے شعبوں میں شراکت داری کے امکانات تلاش کریں گے۔ اس کے علاوہ 2026 میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف اقدامات اور یادگاری سرگرمیوں کا اعلان بھی متوقع ہے۔

اس سے قبل اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور چین کے درمیان طویل عرصے سے اسٹریٹجک، سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک علاقائی و عالمی امور پر قریبی رابطہ اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی حمایت کرتے ہیں۔ چین پاکستان کے لیے ایک اہم تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت دار بھی ہے اور گزشتہ ایک دہائی سے سی پیک کے تحت توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔

چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے مطابق 2024 میں پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم 23.06 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو سال بہ سال بنیاد پر 11.1 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *