بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں نے ایک بار پھر نئی بلندیوں کو چھو لیا ہے، جس کے باعث خریداروں اور سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مقامی صرافہ بازاروں میں 24 کیرٹ سونے کی فی تولہ قیمت میں 9 ہزار 200 روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 64 ہزار 762 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام 24 کیرٹ سونے کی قیمت میں بھی 7 ہزار 888 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 98 ہزار 458 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ سونے کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے نے زیورات کے خریداروں کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ شادی بیاہ کے لیے خریداری مزید مشکل ہو گئی ہے۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 267 روپے اضافے کے بعد 8 ہزار 23 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس سے چاندی کے خریدار بھی متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی ، عالمی منڈی میں فی اونس سونا 102 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 434 ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل کشیدگی، معاشی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی حالات میں بہتری نہ آئی تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے، جس کے باعث مقامی مارکیٹ پر دباؤ برقرار رہ سکتا ہے۔