چیف آف دی ایئر اسٹاف، بنگلہ دیش ایئر فورس، ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کا پُرتپاک استقبال کیا اور اُنہیں پاک فضائیہ کی حالیہ پیش رفت اور جدید صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
یہ ملاقات دونوں فضائی افواج کے مابین آپریشنل تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، ملاقات کے دوران دونوں سربراہان نے باہمی تعاون کے وسیع امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جس میں بالخصوص تربیتی مشقوں اور ایرو اسپیس صنعت میں پیش رفت کے شعبوں میں اشترا ک پر زور دیا گیا۔
ایئر چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے مذہبی اور تاریخی تعلقات قائم ہیں جو دونوں برادر ممالک کی افواج کے مابین مثالی عسکری تعاون کا مظہر ہیں۔
🚨🚨بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود کی قیادت میں وفد کی ایئر ہیڈکوارٹرز آمد، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بنگلہ دیش کے ایئرچیف سے ملاقات، جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا pic.twitter.com/HdhjPgU5q1
انہوں نے جدید حربی چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے بنگلہ دیش ایئر فورس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ایئر چیف نے اس امر پر زور دیا کہ پاک فضائیہ بنگلہ دیش ایئر فورس کے کیڈٹس اور پائلٹس کے لیے بنیادی سے لے کر اعلیٰ سطحی ٹرینگ کے وسیع مواقع فراہم کرے گی مزید برآں پاکستان ایئر فورس کے مختلف تربیتی اداروں میں بنگلہ دیش ایئر فورس کے اہلکاروں کے لیے خصوصی تربیتی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی۔
بنگلہ دیش ایئر فورس کی تربیتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایئر چیف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ سپر مشاق تربیتی طیاروں کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جائے گا اور اس سلسلے میں پاک فضائیہ مکمل تربیتی نظام کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی تاکہ طیاروں کی بروقت شمولیت، بہترین عملی تیاری اور طویل المدتی معاونت کو یقینی بنایا جا سکے۔
بنگلہ دیشی ایئر فورس سربراہ نے پی اے ایف کے شاندار حربی ریکارڈ اور مسلسل عملی برتری کو سراہتے پاک فضائیہ کے وسیع عملی تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت سے استفادہ حاصل کرنے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی ۔
انہوں نے بنگلہ دیش ایئر فورس کے ایئر ڈیفنس کے نظام کو مستحکم بنانے اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایئر ڈیفنس ریڈار سسٹمز کے انضمام میں پاکستان ایئر فورس کی معاونت بھی طلب کی ، دونوں سربراہان کے مابین جے ایف-17 تھنڈر طیاروں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جو دفاعی تعاون کے فروغ اور طویل المدتی شراکت داری کے روشن امکانات کی عکاسی کرتا ہے۔
بنگلہ دیشی ایئر چیف نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں موجود جدید تکنیکی انفراسٹرکچر کو سراہا اور بالخصوص آئی ایس آر، سائبر، خلائی ٹیکنالوجی، الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر پائلٹ فضائی نظام کے شعبوں میں قائم جدید ترین سہولیات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
دورے کے دوران چیف آف دی ایئر اسٹاف، بنگلہ دیش ایئر فورس نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں اہم آپریشنل اور تزویراتی تنصیبات کا بھی دورہ کیا جن میں نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ شامل ہیں جہاں اُنہیں ابھرتے ہوئے حربی شعبوں میں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔
بنگلہ دیش کے اس اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کا ایئر ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور صلاحیت سازی و آپریشنل اشتراک پر مبنی تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔