نادرا نے سندھ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے عمل کو مزید آسان اور جدید بنا دیا ہے، جس کے تحت اب شہری گھر بیٹھے ہی گاڑی کی ملکیت منتقل کر سکیں گے۔
اس نئی سہولت کے ذریعے شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کرتے ہوئے بایومیٹرک تصدیق مکمل کر سکتے ہیں، جس کے بعد گاڑی کی ٹرانسفر کا عمل شروع کیا جا سکتا ہے۔ اس اقدام سے شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے اور طویل انتظار سے نجات ملے گی۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق یہ سہولت حکومت سندھ کے تعاون سے متعارف کروائی گئی ہے، جس کا مقصد گاڑیوں کی خرید و فروخت کے دوران جعلسازی، فراڈ اور قانونی پیچیدگیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
ماضی میں گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے لیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کے دفاتر میں ذاتی طور پر حاضری اور بایومیٹرک تصدیق لازم تھی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے عمل میں سب سے پہلے خریدار اور فروخت کنندہ کی بایومیٹرک تصدیق کی جاتی ہے۔ اس کے بعد اسٹامپ پیپر پر فروخت کا تحریری معاہدہ تیار کیا جاتا ہے، جس پر دونوں فریقین کے دستخط لازمی ہوتے ہیں۔
بعد ازاں کراچی میں واقع سوک سینٹر یا ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفتر میں درخواست جمع کروائی جاتی ہے، جہاں مقررہ فیس اور ٹوکن ٹیکس ادا کیا جاتا ہے، تمام مراحل کی تصدیق کے بعد 5 سے 15 ورکنگ دنوں کے اندر خریدار کے نام نیا اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ جاری کر دیا جاتا ہے۔
بیچنے والے کے لیے درکار دستاویزات میں اصل رجسٹریشن بک یا اسمارٹ کارڈ، قومی شناختی کارڈ کی کاپی، دستخط شدہ درخواست، فروخت کا معاہدہ، کلیئرنس سرٹیفکیٹ اور پاسپورٹ سائز تصویر شامل ہیں جبکہ خریدار کو قومی شناختی کارڈ کی کاپی، پاسپورٹ سائز تصویر، ویلیڈ وہیکل ٹیکس سرٹیفکیٹ، رہائش کا ثبوت اور گاڑی کے معائنے کا سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہوگا۔
نادرا کی یہ ڈیجیٹل سہولت نہ صرف شہریوں کے لیے آسانی کا باعث بنے گی بلکہ شفافیت کو فروغ دے کر گاڑیوں کی خرید و فروخت کے نظام کو مزید محفوظ بھی بنائے گی۔