ملک بھر میں شدید سردی نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، جس کے پیشِ نظر شمالی علاقوں اور بلوچستان میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جہاں درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے بھی نیچے جا سکتا ہے۔ اسی طرح بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی سردی کی موجودہ صورتحال برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید سردی اور ممکنہ ژالہ باری کے باعث زرعی علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اس صورتحال کے پیشِ نظر کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور مویشیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب شہر قائد میں بھی سرد ہواؤں کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے، رات گئے اور صبح سویرے ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے سے سردی کی شدت میں واضح اضافہ محسوس کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجۂ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ سرد موسم کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صبح اور رات کے اوقات میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
تاہم کراچی کے شہریوں کے لیے ایک اور تشویشناک پہلو فضائی آلودگی ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق شہر قائد آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہے، جس کے باعث فضا انتہائی مضرِ صحت قرار دی گئی ہے۔
ماہرین نے بچوں، بزرگوں اور سانس، دل یا الرجی کے مریضوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔
ادھر لاہور میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، جہاں درجۂ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ آئندہ چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
مجموعی طور پر ملک بھر میں جاری سردی کی لہر کے پیشِ نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔