پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا ملا جلا رجحان

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا ملا جلا رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیا، جس کے باعث مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔

کاروبار کے آغاز میں حصص بازار میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محدود خرید و فروخت کی گئی۔

ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 276 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 86 ہزار 242 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا،  کاروباری اوقات میں انڈیکس ایک موقع پر تیزی کے باعث ایک لاکھ 87 ہزار 265 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک بھی پہنچا، تاہم بعد ازاں فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ مندی کا شکار ہو گئی اور انڈیکس ایک لاکھ 85 ہزار 937 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک آ گیا۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق سرمایہ کار آئندہ معاشی پالیسیوں، مالیاتی اشاروں اور عالمی منڈیوں کے رجحانات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار نظر آئے، جس کے باعث واضح سمت کا تعین نہ ہو سکا،  بعض شعبوں میں محدود خریداری دیکھی گئی، جبکہ منافع کے حصول کے لیے فروخت کا رجحان بھی غالب رہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 86 ہزار 518 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ آج کے کاروبار میں اگرچہ ابتدا میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، تاہم دن کے دوسرے حصے میں دباؤ بڑھنے سے مارکیٹ مندی کی طرف مائل ہو گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قلیل مدتی سرمایہ کار محتاط حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں، جبکہ طویل مدتی سرمایہ کار بنیادی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے مارکیٹ میں موجود ہیں۔

آئندہ دنوں میں معاشی اشاریوں، شرح سود اور بین الاقوامی مالیاتی حالات سے متعلق خبریں مارکیٹ کی سمت کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گی۔ مجموعی طور پر مارکیٹ میں غیر یقینی کیفیت برقرار ہے اور سرمایہ کار محتاط انداز میں کاروبار کر رہے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *