پاکستان اور چین نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے دورہ بیجنگ کے دوران دوران دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے، انسدادِ دہشتگردی میں قریبی رابطہ کاری بڑھانے اور پولیس تربیت و تبادلہ پروگرامز کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اپنے سرکاری دورۂ چین کے دوران بیجنگ میں چین کی وزارتِ عوامی تحفظ کے ہیڈکوارٹرز میں چینی وزیرِ داخلہ وانگ شیاو ہونگ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ساڑھے 3 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی جس میں پاکستان چین تعلقات، داخلی سلامتی، انسدادِ دہشتگردی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کا تحفظ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جا چکے ہیں اور اسلام آباد میں چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک خصوصی پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔
دونوں ممالک نے دہشتگردی اور جرائم کے خلاف مشترکہ اور فوری ردِعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ ہر 3 ماہ بعد جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس اور سال میں ایک بار دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کی ملاقات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ملاقات میں پولیس تربیت، مہارتوں کے تبادلے اور معلومات کے اشتراک پر بھی گفتگو ہوئی۔ محسن نقوی نے نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی کی صلاحیت بڑھانے کے لیے چینی اداروں کے تعاون میں دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ چین کی اے آئی پر مبنی ٹیکنالوجی پاکستان کو دہشت گردی اور ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے سکتی ہے۔
چینی وزیرِ داخلہ وانگ شیاو ہونگ نے پاکستان میں چینی شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور محسن نقوی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین ان کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
دونوں وزرائے داخلہ نے اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان سسٹر سٹی تعاون پر بھی بات چیت کی اور پولیس و سیکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی تیار کرنے پر اتفاق کیا۔
محسن نقوی نے تربیتی پروگرامز کے ذریعے مہارت اور معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ناقابلِ شکست ہیں اور کوئی بھی قوت ان کے درمیان دراڑ نہیں ڈال سکتی۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے چینی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا اور چینی وزیرِ داخلہ کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی۔
چینی وزیرِ داخلہ وانگ شیاو ہونگ نے محسن نقوی کو ستمبر میں چین میں ہونے والے گلوبل سیکیورٹی کوآپریشن فورم میں شرکت کی دعوت دی اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دورہ کرنے والے پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔