اگر آپ جی میل استعمال کرتے ہیں تو گوگل نے اس میں جیمنائی اے آئی پر مبنی متعدد نئے فیچرز شامل کر دیے ہیں، جن کا مقصد ای میل کے استعمال کو مزید آسان اور اسمارٹ بنانا ہے۔
ان نئے فیچرز میں سے کچھ مفت صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے، جبکہ کچھ تک رسائی کے لیے گوگل اے آئی پرو یا الٹرا سبسکرپشن درکار ہوگی۔
پریمیم فیچرز میں سب سے نمایاں اے آئی اوور ویوز ہے، جو گوگل سرچ میں موجود اے آئی اوور ویوز سے مشابہت رکھتا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین جی میل کے سرچ بار میں اپنے ای میلز سے متعلق سوالات پوچھ سکیں گے، جس پر اے آئی ماڈل متعلقہ معلومات اور خلاصہ فراہم کرے گا۔
اس کا ایک مفت ورژن بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جو ای میل تھریڈز کی سمری فراہم کرے گا۔
ایک اور اہم پریمیم فیچر پروف ریڈر ہے، جو ای میلز کی گرامر، الفاظ کے درست انتخاب، جملوں کے اسٹرکچر اور مجموعی تحریری معیار کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز دے گا۔
اسی طرح اے آئی ان باکس نامی فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ای میلز کی بھرمار کو منظم کرنا ہے تاکہ صارفین غیر ضروری پیغامات سے بچتے ہوئے اہم ای میلز پر توجہ دے سکیں۔ تاہم، کمپنی نے اس فیچر کی مزید تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کیں، اور یہ سہولت بھی صرف سبسکرائبرز کے لیے ہوگی۔
مفت صارفین کے لیے گوگل ہیلپ می رائٹ اور سجیسٹڈ ریپلائیز فیچرز متعارف کروا رہا ہے، جن کی مدد سے صارفین جیمنائی اے آئی کے ذریعے ای میلز اور جوابات خودکار طور پر تحریر کروا سکیں گے۔
گوگل کے مطابق جیمنائی پر مبنی ان فیچرز کا آغاز ہو چکا ہے اور ابتدائی طور پر یہ سہولت امریکی صارفین کو دستیاب ہوگی، جبکہ آنے والے مہینوں میں انہیں دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔