پاکستان میں5 جی انٹرنیٹ کے آغاز کی تیاری مکمل، اسپیڈ کتنی ہوگی، کن شہروں میں شروع کی جائے گی؟

پاکستان میں5 جی انٹرنیٹ کے آغاز کی تیاری مکمل، اسپیڈ کتنی ہوگی، کن شہروں میں شروع کی جائے گی؟

پاکستان میں طویل انتظار کے بعد بالآخر 5جی سروس کے آغاز کی راہ ہموار ہونے جا رہی ہے اور ایک بار پھر یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل 5جی اسپیکٹرم آکشن کے انعقاد کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ’پی ٹی اے‘ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق 5جی آکشن سے متعلق بنیادی اور تکنیکی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ اسپیکٹرم آکشن کا مکمل اور جامع ڈیزائن بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں 5 جی ٹیکنالوجی کب لانچ ہوگی؟ وفاقی وزیرشزہ فاطمہ خواجہ نے بڑی خبر دے دی

پی ٹی اے عہدیدار کا کہنا ہے کہ 5جی نیٹ ورک کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اسے مرحلہ وار، بآسانی اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق توسیع دی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوالٹی آف سروس کے کم از کم معیارات بھی واضح طور پر طے کر دیے گئے ہیں تاکہ 5جی سروس کے آغاز کے ساتھ ہی معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ اسپیکٹرم آکشن پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا آکشن ہو گا، جس میں تقریباً 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس آکشن کے نتیجے میں حکومت کو کم از کم 630 ملین ڈالرز بغیر ٹیکس ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے، جو ملکی معیشت اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

آکشن کے بعد کامیاب ٹیلی کام آپریٹرز کو ٹیکنالوجی نیوٹرل بنیادوں پر 15 سالہ لائسنس جاری کیا جائے گا، جس کے تحت آپریٹرز جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال میں آزاد ہوں گے۔ 5جی رول آؤٹ مرحلہ وار بنیادوں پر کیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں کم از کم 50 ایم بی پی ایس ڈاؤن لوڈ اسپیڈ کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ صارفین کو حقیقی معنوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت میسر آ سکے۔

پی ٹی اے حکام کے مطابق 5جی سروس کا آغاز بھی دنیا کے دیگر ممالک کی طرز پر محدود اور مرحلہ وار بنیادوں پر کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں 5جی سروس بڑے شہروں اور منتخب علاقوں تک محدود رہے گی، جہاں 5جی ڈیوائسز کی دستیابی اور صارفین کی تعداد نسبتاً زیادہ ہے۔ اس حکمت عملی کا مقصد نیٹ ورک کے استحکام، کارکردگی اور صارفین کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان آرمی نے 35 ویں نیشنل گیمز کی ٹرافی جیت لی

ابتدائی رول آؤٹ پلان کے مطابق اسلام آباد میں بلیو ایریا اور ایف 10، کراچی میں ڈیفنس اور کلفٹن جبکہ لاہور اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں کے اہم کمرشل اور کاروباری علاقوں کو پہلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعد ازاں نیٹ ورک کی توسیع کرتے ہوئے 5جی سروس کو دیگر شہروں اور علاقوں تک مرحلہ وار پھیلایا جائے گا۔

واضح رہے کہ 5جی سروس کے آغاز سے نہ صرف ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ آئی ٹی، ای کامرس، صحت، تعلیم اور اسمارٹ سٹیز جیسے شعبوں میں بھی نئی سرمایہ کاری اور ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے پاکستان ڈیجیٹل دور میں ایک اہم قدم آگے بڑھا سکے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *