پاکستان میں 5 جی ٹیکنالوجی کب لانچ ہوگی؟ وفاقی وزیرشزہ فاطمہ خواجہ نے بڑی خبر دے دی

پاکستان میں 5 جی  ٹیکنالوجی کب لانچ ہوگی؟ وفاقی وزیرشزہ فاطمہ خواجہ نے بڑی خبر دے دی

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے آزاد ڈیجیٹل پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تیزی سے 5G ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے اور امید ہے کہ 2026 کے اوائل میں اسے ملک بھر میں لانچ کر دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں 5G ٹیکنالوجی کی لانچ اسپیکٹرم کی نیلامی سے مشروط ہے، اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ یہ نیلامی آئندہ سال کے پہلے تین ماہ میں مکمل کر لی جائے۔ ان کے مطابق، اسپیکٹرم نیلامی مکمل ہونے کے بعد ملک میں انٹرنیٹ اسپیڈ سمیت مختلف مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ گزشتہ چند سالوں میں جب تھری جی اور فور جی سروسز لانچ کی گئیں جس کے بعد 2021 میں صرف چند میگا ہرٹس کی نیلامی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے پاس مجموعی طور پر 274 میگا ہرٹس کا اسپیکٹرم دستیاب ہے جو ملکی ضروریات کے مطابق ناکافی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، پاک فوج کی کاؤشوں سے عالمی معیار کا تعلیمی مرکز، نوجوانوں کو با اختیار بنانے کی عمدہ مثال

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پاکستان کے تمام متعلقہ اداروں نے مشترکہ کوششوں سے 600 میگا ہرٹس کا اسپیکٹرم خالی کرایا ہے۔ شزہ فاطمہ کے مطابق یہ نیا اسپیکٹرم جلد ہی استعمال میں لایا جائے گا، جس کے بعد ملک کے پاس مجموعی اسپیکٹرم کی گنجائش 874 میگا ہرٹس تک پہنچ جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 5G ٹیکنالوجی کے اجراء سے نہ صرف انٹرنیٹ کی رفتار میں غیر معمولی بہتری آئے گی بلکہ ڈیجیٹل معیشت کو بھی فروغ ملے گا اور پاکستان جدید ٹیکنالوجی کی دوڑ میں نمایاں مقام حاصل کر سکے گا۔

Related Articles