ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال دیے ، شدید سردی کے درمیان محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند دنوں کے لیے بارش اور برفباری کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے اور کئی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے ، اسلام آباد میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے علاقوں جیوانی، پسنی، اور ماڑہ، کیچ اور تربت میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے، اس دوران، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ برفباری کے امکانات ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں پورا ہفتہ موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نےپیشگی اطلاع دیدی
16 سے 18 جنوری کے درمیان ملک گیر مغربی ہواؤں کے سلسلے کی توقع ہے، جس کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہری علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت انتہائی سطح تک گر سکتا ہے ، پشاور میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش متوقع ہے اور 23 سے 25 جنوری کے درمیان برفباری بھی ہو سکتی ہے ، کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ 21 سے 23 جنوری کے درمیان صوبے بھر میں 60 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تیز، برفیلی ہواؤں کی توقع ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ممکن ہے ۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور خاص طور پر موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ، سرد علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو گرم لباس کے استعمال اور بزرگوں و بچوں کا خصوصی خیال رکھنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔