ملک میں شدید سردی کا راج ، پہاڑوں پر یخ بستہ موسم اور میدانی علاقوں میں دھند

ملک میں شدید سردی کا راج ، پہاڑوں پر یخ بستہ موسم اور میدانی علاقوں میں دھند

محکمہ موسمیات کے مطابق آج (جمعرات)  ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر بدستور برقرار رہنے کی توقع ہے،  سرد موسم کے ساتھ  میدانی علاقوں میں دھند کی صورتحال معمولاتِ زندگی کو متاثر کر سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات کے دوران درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے، دھند کی وجہ سے موٹر ویز اور شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم مجموعی طور پر سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم صبح کے ابتدائی اوقات میں چند مقامات پر ہلکا کہرا پڑ سکتا ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے

مزید جانیئے: ملک بھر میں سردی کی نئی لہر، محکمہ موسمیات کی درجہ حرارت سے متعلق اہم پیشگوئی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بالائی اضلاع، جن میں سکھر، لاڑکانہ، دادو اور اطراف کے علاقے شامل ہیں، وہاں بھی صبح اور رات کے وقت درمیانی سے شدید دھند متوقع ہے، جو ٹریفک کی روانی میں خلل ڈال سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پشاور، مردان، بنوں، ڈی آئی خان اور دیگر اضلاع میں دھند چھانے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم کشمیر کے چند علاقوں میں صبح کے وقت کہرا پڑنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سرد موسم اور دھند کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

editor

Related Articles