ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق ریسلر اور ہالی وڈ کے معروف اداکار ڈوین جانسن(دی راک) ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کی نئی فلم نہیں بلکہ وزن میں نمایاں کمی ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق 53 سالہ اداکار حال ہی میں وینس فلم فیسٹیول میں اپنی نئی فلم دی سمیشنگ مشین(The Smashing Machine) کی تشہیر کے لیے شریک ہوئے، جہاں ان کی بدلی ہوئی جسمانی ساخت نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
تقریب میں ڈوین جانسن ڈبل بریسٹڈ سوٹ، سفید شرٹ اور گول فریم چشمے میں نظر آئے، تاہم حاضرین اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ ان کے دبلے پتلے حلیے پر مرکوز رہی۔ اداکار عام طور پر اپنی طاقتور جسمانی ساخت اور فٹنس کے لیے مشہور ہیں، اسی لیے ان کی حالیہ تبدیلی نے مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔
فلم کے پریمیئر کے بعد سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے ان کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا، جبکہ متعدد مداحوں نے وضاحت کی کہ یہ تبدیلی کسی بیماری کا نتیجہ نہیں بلکہ نئے کردار کی تیاری کا حصہ ہے۔
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ڈوین جانسن مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کا وزن کم کرنا فلمی کردار کے تقاضوں کے مطابق کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈوین جانسن نے اپنی نئی فلم میں مارشل آرٹس اور یو ایف سی کے سابق چیمپئن مارک کیرکا کردار ادا کیا ہے۔ اس کردار میں حقیقت کے قریب دکھائی دینے کے لیے انہوں نے تقریباً 60 پاؤنڈ وزن کم کیا، جبکہ پروستھیٹکس اور خصوصی وِگ کا بھی استعمال کیا گیا۔
فلم کی نمائش کے دوران ناظرین نے 15 منٹ تک کھڑے ہو کر داد دی، جس پر ڈوین جانسن جذباتی ہو گئے اور ان کی آنکھیں نم دکھائی دیں۔اداکار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اپنے کیریئر میں ایک نئی سمت آزمانا چاہتے تھے اور خود کو روایتی ایکشن کرداروں سے ہٹ کر چیلنج کرنا چاہتے تھے۔ ان کے مطابق یہ فلم صرف فائٹنگ کے بارے میں نہیں بلکہ محبت، جدوجہد اور زندگی کے نشیب و فراز کی کہانی ہے۔
ڈوین جانسن نے حالیہ گفتگو میں اپنی صحت کے حوالے سے بھی بتایا کہ ماضی میں بار بار اینٹی بائیوٹکس کے استعمال سے انہیں آنتوں کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ماہرین کی مدد سے انہوں نے اپنی خوراک اور طرزِ زندگی میں تبدیلیاں کیں۔
واضح رہے کہدی سمیشن مشین میں ڈوین جانسن اپنے اب تک کے سب سے منفرد اور مختلف کردار میں نظر آئیں گے، جسے ان کے کیریئر کا ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔