حکومت کا غیراستعمال شدہ سرکاری اراضی نیلام کرنے کا فیصلہ

حکومت کا غیراستعمال شدہ سرکاری اراضی نیلام کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے اسٹیٹ لینڈ سے ریونیو میں نمایاں اضافے کے لیے ایک بڑا اور اہم فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں غیر استعمال شدہ سرکاری اراضی کی نیلامی کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری اثاثوں کو فعال بنانا، آمدن میں اضافہ کرنا اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری زمین کو فروخت کرنے کے بجائے 10 سے 20 سال کی طویل المدتی لیز پر دیا جائے گا تاکہ ریاستی ملکیت برقرار رہے اور مسلسل آمدن کا ذریعہ پیدا ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں:پولیس افسران کا سرکاری اراضی کا کرایہ جمع کروانے کی بجائے آپس میں بانٹنے کا انکشاف

لیز صرف پروڈکٹیو اور معاشی سرگرمیوں کے لیے دی جائے گی جبکہ غیر پیداواری یا قیاس آرائی پر مبنی استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔

پالیسی کے تحت سیاحت، صنعت، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ حکام کے مطابق سیاحتی مقامات کے قریب واقع سرکاری اراضی پر ہوٹلز، ریزورٹس اور دیگر سہولیات کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ صنعتی زونز اور زرعی منصوبوں کے لیے بھی زمین دستیاب ہو سکے گی۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے شفاف اور مسابقتی نیلامی پالیسی اپنائی جائے گی تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو اور کسی قسم کی بے ضابطگی یا اقربا پروری کے خدشات ختم کیے جا سکیں۔ نیلامی کا تمام عمل متعلقہ قوانین اور قواعد کے تحت ہوگا اور اس کی نگرانی متعلقہ محکمے کریں گے۔

حکام کے مطابق اس فیصلے سے سرکاری اراضی کے غیر قانونی استعمال کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی کیونکہ لیز پر دینے کے بعد زمین کا ریکارڈ واضح اور باقاعدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سرکاری زمین پر ناجائز قبضے اور غیر قانونی استعمال کے باعث حکومت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا جس پر اب قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا متنازعہ منصوبہ، مخالفت کے باوجود دریا کے بیچ سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، سیاسی دباو یا سرکاری نااہلی

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت سرکاری اثاثوں کا مؤثر اور منافع بخش استعمال یقینی بنایا جائے گا جس سے نہ صرف صوبائی خزانے کو فائدہ پہنچے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق سرکاری زمین کو لیز پر دے کر معاشی سرگرمیوں سے جوڑنا ایک مثبت قدم ہے جو صوبے کی مجموعی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *