پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ورلڈ لبرٹی فنانشل، امریکہ کے وفد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وٹکوف (Zachery Witkoff) کی قیادت میں ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
حکومت پاکستان، ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، مفاہمتی یادداشت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دستخط کیے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد کو ڈیجیٹل پاکستان کے وژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، شفافیت اور عوامی رسائی حکومت کی ترجیح ہے، ڈیجیٹل ادائیگیاں اور مالیاتی جدت ڈیجیٹل معیشت کا اہم حصہ ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی منڈیوں میں بڑھتی عالمی دلچسپی خوش آئند ہے، پاکستان عالمی ڈیجیٹل فنانس کا حصہ بن رہا ہے۔
سی ای او ورلڈ لبرٹی فنانشل نے پاکستان میں محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگی نظام میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ورلڈ لبرٹی فنانشل کے سی ای او نے پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل فنانس میں مضبوط امیدوار قرار دیا۔
انہوں نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کی تعریف کی جو عالمی ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے ملک کو ایک اہم ملک کے طور پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، انہوں نے نیکسٹ جنریشن ڈیجیٹل ادائیگیوں اور سرحد پار مالیاتی جدتوں کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ یہ معاہدہ ورلڈ لبرٹی، جو ستمبر 2024 میں شروع کیا گیا ایک کرپٹو پر مبنی فنانس پلیٹ فارم ہے، اور ایک خودمختار ریاست کے درمیان عوامی طور پر اعلان کردہ پہلی پارٹنرشپ میں سے ایک کی نمائندگی کرتا ہے، یہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی کا نتیجہ بھی سمجھا جا رہا ہے۔