خیبرپختونخوا کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے صوبے میں من پسند اور پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس کے شوقین افراد کے لیے ایک بار پھر نیلامی کا اعلان کر دیا ہے،اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ اشتہار جاری کیا گیا ہے، جس میں مختلف نمایاں اور مقبول ناموں پر مشتمل نمبر پلیٹس کے لیے بولیاں طلب کی گئی ہیں۔
اس اقدام کا مقصد نہ صرف شہریوں کو اپنی پسند کے نمبر حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے بلکہ سرکاری ریونیو میں اضافہ بھی کرنا ہے،اشتہار کے مطابق بعض خاص اور زیادہ مقبول نمبر پلیٹس کے لیے بولی کی ابتدائی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، ان میں “عمران خان ون” اور “عمران خان 804” جیسی نمایاں نمبر پلیٹس شامل ہیں جنہیں چوائس نمبرز کا درجہ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مختلف قبائلی، خاندانی اور جغرافیائی شناخت سے جڑے ناموں پر مشتمل نمبر پلیٹس بھی نیلامی کے لیے دستیاب ہوں گی ان میں خلیل ون، ارباب ون، خان ون، درانی ون، گنڈاپور ون، کنڈی ون، آفریدی ون، یوسفزئی ون، سواتی ون، وزیر ون، محسود ون، خٹک ون، مہمند ون، پشاور ون، ملاکنڈ ون، ایبٹ آباد ون اور کوہاٹ ون شامل ہیں۔
بنوں ون، ڈی آئی خان ون، ہزارہ ون، مردان ون، صوابی ون اور ہری پور ون جیسی نمبر پلیٹس بھی چوائس نمبرز کی فہرست میں شامل کی گئی ہیں جن کے لیے خریداروں میں خاص دلچسپی متوقع ہے۔محکمہ ایکسائز کے مطابق نیلامی میں شرکت کے خواہشمند افراد کو پہلے مرحلے میں ایک لاکھ روپے بطور سکیورٹی ڈیپازٹ جمع کرانا ہوگا۔ کامیاب بولی دہندہ نیلامی کے موقع پر ہی کراس چیک کے ذریعے مکمل رقم ادا کرنے کا پابند ہوگا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا نے واضح کیا ہے کہ یہ من پسند نمبر پلیٹس صرف فور وہیلز نجی گاڑیوں کے لیے مخصوص ہوں گی اور ان کا اطلاق کمرشل گاڑیوں پر نہیں ہوگا۔ نیلامی 27 جنوری 2026 کو نشتر ہال پشاور میں دوپہر 12 بجے منعقد کی جائے گی۔
اشتہار میں یہ سہولت بھی دی گئی ہے کہ اگر کوئی شخص مذکورہ فہرست کے علاوہ کسی اور پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک کا خواہشمند ہو تو وہ 26 جنوری تک متعلقہ دفتر سے رابطہ کر سکتا ہےکمیٹی کی منظوری کے بعد ایسے نمبرز کو آئندہ مراحل میں ہونے والی نیلامی میں شامل کیا جا سکے گا،یہ اقدام شہریوں کو مزید اختیارات فراہم کرنے اور شفاف طریقے سے نیلامی کے عمل کو یقینی بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔